ہاکی ورلڈ کپ،قومی ٹیم کو بھارتی ویزے جاری


بھارتی حکومت نے 28 نومبر سے بھونیشور میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کی ہاکی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کو ویزے جاری کر دیے۔جبکہ عرفان جونیئر، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار اور کوچ دانش کلیم کو تاحال ویزے جاری نہیں ہو سکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق تینوں کھلاڑیوں کی دستاویزات تاخیر سے جمع ہونے کے باعث  ویزے تاحال جاری نہیں ہو سکے ہیں۔

یاد رہے قومی ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لئے لاہور میں دو روزہ ٹرائلز رکھے گئے تھے جس کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اصلاح الدین نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

ورلڈ کپ کی 18 رکنی ٹیم کی قیادت رضوان سینئر کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان عماد شکیل بٹ، عمران بٹ، مظہر عباس، عرفان سینئر، مبشر علی، محمد علیم بلال، فیصل قادر، توثیق ارشد، راشد محمود، تصور عباس، اعجاز احمد، عرفان جونیئر، عمر بھٹہ، علی شان، ابوبکر محمود، محمد عتیق اور محمد زبیر شامل ہیں۔
واضح رہے 14 ویں میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پول اے میں ارجنٹینا، اسپین، نیوزی لینڈ اور فرانس جب کہ پول بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، آئرلینڈ اور چین کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پول سی بیلجیئم، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور میزبان بھارت پر مشتمل ہے جب کہ پاکستان ٹیم پول ڈی میں ہالینڈ، جرمنی اور ملائیشیا سے مقابلہ کرے گی۔


متعلقہ خبریں