متحدہ عرب امارت اور پاکستان کے مابین تعلقات کے 5 حیرت انگیز حقائق


اسلام آباد: پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کا آغاز 1971 میں ابو ظہبی کے آباد ہونے کے بعد ہوا۔

1: یو اے ای کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک پاکستان

دسمبر 1971 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سات ریاستیں جن میں  ابوظہبی ، عجمان ، دبئی ، فجیرہ ، راس الخیمہ ، شارجہ اور ام القوین شامل ہیں، ایک ملک بن گئیں۔ شیخ زاید بن سلطان النہیان کو صدراورشیخ مکتوب بن راشد کو نائب صدر اور وزیراعظم منتخب کیا گیا تب پاکستان وہ پہلا ملک تھا جس نے متحدہ عرب امارات کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا۔

2: پاکستانی ماہرین کا یواے ای کی تعمیر میں کردار

متحدہ عرب امارات کی قیادت نے جب ملک کی تعمیر اور تقدیر بدلنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی ماہرین، انجینئرز، تجارت پیشہ افراد اور مزدوروں نے بھرپور کردار ادا کیا اور تعلیم، صحت، پولیس اور مسلح افواج کی ترقی میں تعاون کیا۔ آج بھی 13 لاکھ سے زائد پاکستانی وہاں مختلف شعبہ جات سے وابستہ ہیں۔

3: یواے ای پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والاچوتھا بڑا ملک

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان انتہائی قریبی تجارتی تعلقات ہیں، یہ اسی کا شاخسانہ ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں یواے اے چوتھا بڑا ملک ہے۔ اس کے علاوہ یواے ای پاکستان اسسٹنٹس پروگرام کے تحت تعلیم، صحت، آبی وسائل اور انفرسٹرکچر کے شعبے میں کام کررہا ہے، اسی سلسلے میں پاکستان میں دو بڑے پل، 52 اسکولز، سات اسپتال اور واٹرسپلائی کی 64 اسکیمیں بنائی گئیں۔

4: یواے ای کے کھیل کے میدان پاکستان کا ہوم گراؤنڈ

2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پرحملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے اور غیرملکی ٹیموں نے پاکستان آنا بند کردیا۔ اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کا ساتھ دیا اور تب سے  پاکستان  یو اے ای کے کھیل کے میدانوں کو بطورہوم گراؤنڈ استعمال کررہا ہے۔

5: وزیراعظم عمران خان کی آمد سے تعلقات میں مزید بہتری

وزیراعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے اب تک چھ ممالک کے دورے کیے جن میں سے وہ دوبار متحدہ عرب امارات گئے۔ اسی طرح 12 سال بعد یو اے ای کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان کا دورہ کیا۔ عمران خان کے حکومت میں آنے کے بعد سے پاکستان اور یواے ای کی اعلیٰ قیادت کے درمیان چار ماہ میں تین ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔


معاونت
متعلقہ خبریں