کراچی: اسکول وین ڈرائیورز نے ایک بار پھرغیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کردی ہے اور اسکول اینڈ کالج وین ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے ضبط کیے گئے 15 سو سلنڈرز واپس کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ معیاری سلنڈرز پر گاڑیاں چلانے کی اجازت بھی دی جائے۔
آل کراچی اسکول اینڈ کالجز وین ایسوسی ایشن نے کہا ہے جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جائیں گے، تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔
اس حوالے سے والدین کا کہنا ہے کہ یہ بچوں کے تحفظ کا معاملہ ہے لہذا وین ڈرائیورز کو بہت زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ ڈرائیورز گاڑیوں سے سی این جی سلنڈرز نکال دیں، ہم اضافی فیس دینے کو بھی تیار ہیں۔
والدین نے بتایا کہ سخت سردی کے باعث بچوں کو روزانہ اسکول پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑاتا ہے۔
اس حوالے سے بچوں کا کہنا ہے کہ وہ روز روز چھٹیاں نہیں کر سکتے، اس طرح ان کی پڑھائی کا بہت حرج ہو رہا ہے۔
وین ڈرائیورز نے دس جنوری کو بھی ہڑتال کرتے ہوئے لکی اسٹار سے پریس کلب تک ریلی نکالی تھی۔
واضح رہے کہ پانچ جنوری کو اورنگی ٹاؤن میں مدرسے کی وین میں آگ لگی تھی جس کے نتیجے میں 14 بچے جھلس گئے تھے۔ اس حوالے سے کراچی پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا گیا جس میں اسکول وینز میں لگے سیکنڑوں سی این جی سلنڈر ضبط کرلیے گئے تھے۔