راولپنڈی: پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ نے آپریشنل اورتکینکی تیاریوں کو آزمانے کے لیے کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے اے ایس ایف سی کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
Training launch of surface to surface ballistic missile Nasr today by Pakistan. pic.twitter.com/OG4HaM8pt0
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) January 24, 2019
اعلی شوٹ اینڈ اسکوٹ نظام کا حامل نصر میزائل فاصلے سے ہدف کو تیزی سے نشانہ بنانے اور دوران حرکت پرواز کو ناکامی سے دوچار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ میزائل بھرپور دفاعی صلاحیت کا حامل ہے اور دشمن کے بیلسٹک میزائل اور دفاعی نظام کو تباہ کرنے کی طاقت کا حامل ہے۔
نصرمیزائل کے تجربے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات، ڈی جی ایس پی ڈی، کمانڈر اے ایس ایف سی سمیت فوج کے اعلی افسران، انجئنیزز اور سائنسدان موجود تھے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی اعلیٰ تربیت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے سائنسدانوں اور انجئنیزز کو بہترین دفاعی نظام بنانے پرمبارکباد دی اور جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
صدر پاکستان عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور سروسز چیفس نے بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر آرمی اسٹریٹجک فورسز، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔