کراچی: روئی کے گودام میں آتشزدگی، آگ پرقابو پا لیا گیا


کراچی: شیر شاہ پراچہ چوک میں واقع روئی کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں سات فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔

ہم نیوز نے فائر بریگیڈ حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ آتشزدگی پر قابو پانے کی کارروائی میں دس واٹرباؤزر بھی استعمال کئے گئے ہیں۔ اس عمل میں تین سے چار گھنٹے لگے ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گودام میں کپڑا اور روئی ہونے کی وجہ سے آگ پرقابو پانے میں وقت لگا ہے۔ اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق تاحال گودام میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

آگ کی اطلاع ملتے ہی ایم ڈی واٹربورڈ اسد الللہ خان نے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نا فذ کردی تھی۔ ان کی ہدایت پر پانی سے بھرے ہوئے متعدد واٹر ٹینکرز فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کیے گئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق ایم ڈی کا کہنا تھا کہ فائرباؤزرز کو آتشزدگی کے مقام پر ہی پانی فراہم کیا جائے گا۔

اسد الللہ خان ایم ڈی واٹر بورڈ کی ہدایت پر ہائیڈرنٹس سیل کے افسران بھی آتشزدگی کے مقام پر پہنچ گئے تھے۔

شہر قائد میں واقع شارع فیصل پر قائم فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر (ایف ٹی سی بلڈنگ) میں بھی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر قابو پانے میں چارگھنٹے سے زائد کا عرصہ لگا تھا۔

آگ پر قابو پانے کے بعد چیف فائر آفیسر تحسین احمد نے بتایا تھا کہ چھٹے فلور پر نیشنل بنک آف پاکستان کے دفاتر کو نقصان پہنچا ہے۔

چیف فائر آفیسر تحسین احمد نے کہا تھا کہ آگ بجھانے کے عمل میں دو اسنارکل سمیت 12 گاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔


متعلقہ خبریں