پریشانی سے بچنے کے لیے عمران خان کی تین ’تجاویز‘



کراچی: وزیراعظم عمران خان نے اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں پریشانی سے بچنے کے لیے تین منفرد تجاویز پیش کی ہیں۔

شوکت خانم ہسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کرکٹ میں ہارنے کے بعد پریشانی سے دور رہنے کے لیے وہ کونسی تین باتوں پر عمل کرتے تھے۔

عمران خان کی پہلی تجویز یہ تھی کہ پریشانی کے عالم میں اگلے دن کا اخبار نہ پڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم میچ ہار جاتے تھے تو اخبار نہیں پڑھتے تھے کیونکہ علم ہوتا تھا کہ وہاں موجود خبریں ہمارے زخموں پر نمک ہی چھڑکیں گی۔

وزیراعظم کی دوسری تجویز یہ تھی کہ پریشانی کے عالم میں لوگوں سے ملنے سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار ہم بھارت میں کرکٹ کی سیریز ہار گئے اور پاکستان پہنچ کر ہوائی اڈے سے باہر نکلے تو ٹیکسی ڈرائیوروں اور رکشے والوں نے ہمارے ساتھ جو کچھ کیا وہ کبھی نہیں بھولے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اس واقعے سے بھی یہی سبق سیکھا کہ جب برا وقت آئے تو لوگوں سے میل ملاپ سے اجتناب برتنا چاہیئے۔

وزیراعظم کی تیسری اور آخری تجویز یہ تھی کہ خاندان میں کسی کی شادی پر مت جائیں، اس سے بھی آپ پریشانیوں سے بچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ پر برا وقت آتا ہے تو جتنا مزہ رشتے داروں کو آتا ہے کسی اور کو نہیں آتا۔ اس لیے برے حالات میں مزید پریشانی سے بچنے کے لیے خاندان والوں سے بھی دور رہنا بہتر ہے۔

وزیراعظم کی تقریر کے دوران ہال شرکاء کے قہقہوں سے گونجتا رہا اور لوگ تالیاں بجاتے رہے۔


متعلقہ خبریں