فواد اور بلاول کی ٹوئٹر پر لفظی جنگ


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹوئٹر پر جاری لفظی جنگ نے سب کو اپنی طرف متوجہ کر دیا۔

بلاول زرداری کی جانب سے دہشتگردوں کی مذمت کرنے پر فواد چوہدری نے طنزیہ ٹویٹ کیا کہ خر قمر واقعہ پرمحسن داوڑ کی حمایت اور آج کے نامعلوم قاتلوں کی مذمت سے بلاول بھٹو کی دوہری سیاست ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا آپ شہداء کے خون پر سیاست کر رہے ہیں؟

اس کے جواب میں بلاول زرداری، فواد چوہدری پر برس پڑے اور اوپر تلے کئی ٹویٹس کر ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کا رہنما دہشت گردوں کو بھائی کہتا تھا میں اس وقت بھی فوج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتا تھا اور آج بھی کرتا ہوں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس کو تسلسل کہتے ہیں جس کا آپ کو کچھ علم نہیں، محسن اور علی وزیر ارکان اسمبلی ہیں، دہشت گرد نہیں۔

بلاول کا غصہ پھر بھی ٹھنڈا نہ ہوا اور انہوں نے اگلےٹویٹ میں لکھا کہ بطور ایک وکیل کے آپ بھی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آئین کی شق 10 اے کے تحت ہر شخص کو فیئر ٹرائل کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے فواد چوہدری کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ور بھگوڑوں کو دوہری سیاست پر بات نہیں کرنی چاہیے، آپ کا وزیرداخلہ دہشت گردوں کا سہولت کار ہے اور ریلوے کا وزیر کالعدم تنظیموں کی حمایت کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں