مشہور ترانے ’جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘ کے خالق، معروف شاعر، ادیب اور استاد حمایت علی شاعر 93 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث کینیڈا میں وفات پا گئے ہیں۔
حمایت علی شاعر کچھ عرصہ سے علیل تھے اور کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں زیرعلاج تھے۔ ان کی تدفین بھی وہیں کی جائے گی۔
اردو زبان کے مشہور شاعر حمایت علی شاعر 14 جولائی کو اورنگ آباد دکن میں پیدا ہوئے۔ تقسیم برصغیر کے بعد انہوں نے کراچی میں رہائش اختیار کی اور سندھ یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا۔ بعد ازاں وہ اسی یونیورسٹی میں درس و تدریس کے شعبے سے منسلک ہوئے۔
حمایت علی کی ادبی خدمات کا سلسلہ پانچ دہائیوں پر پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے تدریس، صحافت، ادارت، ریڈیو، ٹیلیوژن اور فلم کے علاوہ تحقیق کے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
ان کی مشہور تصانیف میں آگ میں پھول، مٹی کا قرض اور تشنگی کا سفر اور ہارون کی آواز شامل ہیں۔
حمایت علی شاعر ملی نغموں کے حوالے سے بھی اہم مقام رکھتے ہیں۔ 1965 کی جنگ میں فلم مجاہد کے لیے ان کے تخلیق کردہ ترانے ’جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘ نے بہت شہرت حاصل کی۔ اس نغمے پر انہوں نے نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔
صحافتی، ادبی اور تحقیقی حوالے سے بے شمار کتابوں کے اس خالق کو 2002ء میں حکومت ِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی دیا گیا۔