کراچی:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے بیانئے کی حمایت کی ہے۔ کچھ سیاسی نابالغ پاکستانی مفاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہین۔ پچیس جولائی کو اپوزیشن یوم احتجاج اور حکومت یوم احتساب منائے گی۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کا مقدمہ لڑنے امریکہ گئے ہیں۔ کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتےہوئے انکا کہنا تھا کہ آج صدر ٹرمپ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کے پاکستانی اقدامات کو قبولیت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ خاندانی دولت کو بچانے کے لئے ہاتھ پیر مارنے والوں کو عوام نے مسترد کردیاہے۔ پچیس جولائی کو اپوزیشن یوم احتجاج اور حکومت یوم احتساب منائے گی۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے ایک سوال کےجواب میں کہا کہ اخباری صنعت میں ویکیوم کلینر چلانے کی ضرورت ہے ،ماضی میں اچھا سا قالین بچھاکر معاملے کو دبادیا گیا اور صرف پانچ سال پورے کیے گئے۔ آئینی تقاضوں کو پورے کرنے اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایڈیٹرز ہماری طاقت ہیں ، سی پی این ای کے مطالبات کے لیے وزارت سے دو نمائندے مقرر کیے جائیں گے ، ہمیں پکی پکائی کھیر کھانے کی عادت ترک کرنا ہوگی ،قوانین پر عمل اور انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہاں صحافیوں کے جائز حق کی بات آئے گی میں وہاں کھڑی رہوں گی ، بیانیہ حقائق سے متصادم نہیں ہونا چاہیے ،آپ کا بیانیہ حقیقت سے قریب ہوگا تو میں وکالت کے لیے تیارہوں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ منگل کو گھوٹکی میں ضمنی الیکشن ہے۔ پورا سیکریٹریٹ خالی ہے۔ اور وزیراعلی بھی وہاں ہیں۔ایسے میں آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کیسے ہوں گے؟
اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے پارٹی رکن کی جانب سے صحافی کے ساتھ نازیبا رویے کی مذمت بھی کی۔
یہ بھی پڑھئے:مسلم لیگ ن کا 25جولائی کو مال روڈ لاہور پر جلسہ کرنے کا اعلان