بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا مشکل میں


پشاور: بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنےوالا پشاور کا شہری مشکل میں پھنس گیاہے ۔ دوسری شادی کرنے پر عدالت نے  شہری سے  جواب طلب کرلیا،کیس اسی شہر ہی کی رہائشی خاتون کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر کیا گیا تھا۔

دوسری شادی کے لئے پہلی بیوی سے اجازت لینا ضروری ہوگا ورنہ شوہر کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی، اس قانون سے فائدہ اٹھانے کے لیے پشاور کی رہائشی خاتون نے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اس کے شوہر نے دوسری شادی کرلی تاہم اس سے اجازت نہیں لی۔ خاتون کی درخواست پر فاضل بنچ کے جج جسٹس اکرام اللہ نے ریمارکس دیے کہ  پٹھان تو دو دو شادیاں کرتے ہیں، کس کتاب میں لکھا ہے کہ دوسری شادی کے لئے پہلی بیوی سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہے؟

فاضل جج کے ریمارکس پر وکیل صفائی نے عدالت کو نئے قانون کا بتایا جس پر بنچ نے دوسری شادی کرنے والے شخص سے 14 دن میں جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے  بڑا فیصلہ سناتے ہوئےبیوی کے ساتھ ساتھ دوسری شادی کے لیے مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری قراردے رکھی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک شخص کی طرف سے کی گئی دوسری شادی کے خلاف کیس کی سماعت کے بعد  اپنے فیصلے میں لکھا کہ دوسری شادی کے لیے بیوی سے اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری ہوگی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیاہے کہ پہلی بیوی کی اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کے انکار کے بعد اگر کوئی شخص شادی کریگا تواسے دوسری شادی پر سزا ہوگی۔

عدالت نےکہاہے کہ مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے مطابق اجازت کے بغیر شادی کرنے والے شخص کو سزا اور جرمانہ ہو گا۔

عدالت نے ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد کے مجسٹریٹ نے مصالحتی کونسل کی اجازت کے بغیر شادی کرنے والےایک شخص کو سزا سنائی۔

آزاد کشمیر کے رہائشی لیاقت علی میر کو ایک ماہ قید اور پانچ ہزارروپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے کشمیر کا باشندہ ہونے کی وجہ سے لیاقت علی کو بری کیا۔ جس شخص کے پاس قومی شناختی کارڈ ہے، اس پر تمام قوانین کا اطلاق ہو گا۔

یاد رہے کہ لاہور کی مقامی عدالت نے پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے پر شوہر کو 11 ماہ قید اور ڈھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

خاتون نے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا  کہ اس کے شوہر نے اجازت کے بغیر خفیہ شادی کی اورجھوٹ بولا ہے، عدالت اس سلسلے میں قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

اسی طرح  چند ماہ قبل لاہور میں ہی عدالت نے بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شوہر کو تین ماہ قید اور پانچ ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

خاتون نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ان کے شوہر شعیب زاہد نے رضامندی کے بغیر دوسری شادی کی ہے۔

دوران سماعت وکیل نے گواہ اور دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش کیے اور مسلم فیملی لا آرڈیننس 1961 کے دفعہ 6 کی خلاف ورزی پر ملزم کو سزا دینے کی استدعا کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے دلائل کے بعد تمام حقائق کا جائزہ لیا اور کہا کہ ثبوتوں اور دستاویزات سے ملزم کا جرم ثابت ہوتا ہے جس پر عدالت نے شعیب زاہد کو تین ماہ قید اور پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

یہ بھی پڑھیے: دوسری شادی کرنے والوں کیلئے بری خبر، اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ 

دوسری شادی کے شوق نے شوہر کو جیل پہنچا دیا


متعلقہ خبریں