حکومت پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان

حکومت پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا اعلان

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سمجھوتہ ایکسپریس ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اس کی ٹرین مسافروں سمیت واپس لے جانے کا کہہ دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بھارتی اقدام کے جواب میں کیا ہے، سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیوں کو عید پر دیگر ٹرینوں کے لیے استمال کیا جائے گا، یہ ٹرین ہمیشہ کے لیے بند کر دی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ سال پرخطر ہے، اس میں جنگ بھی ہو سکتی ہے، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر پاکستانی خاموش نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ماضی میں بھی لوگوں کو زندہ جلایا تھا اب بھی ایسا کر رہا ہے، ہم جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے بلکہ امن چاہتے ہیں.

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہر لحاظ سے قانون کی خلاف ورزی کی ہے، کشمیری نوجوان اپنے خون سے بھارت کو جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کشمیر کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔

مریم نواز کو حراست میں لیے جانے پر وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ بدعنوانی میں جو بھی ملوث ہو، اسے قانون کا سامنا کرنا چاہیئے۔

مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر سے معلومات کا باہر نہ آنا باعث تشویش ہے، اقوام متحدہ

شیخ رشید نے مزید کہا کہ جب تک وہ وزیرریلوے ہیں، سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین نہیں چلے گی، مودی کی سیاست بابری مسجد سے شروع ہو کر لال چوک پر ختم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نواز شریف، آصف زرداری اورشہباز شریف کی سیاست کو ختم ہوتا دیکھ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں