لندن: بافتا ایوارڈز 2018 لندن کے البرٹ ہال میں منعقد ہوئے۔ ایوارڈز میں شرکت کرنے والے تقریباً تمام مہمان سیاہ رنگ میں ملبوس نظر آئے۔
اس سے قبل سال کے آغاز میں ہونے والے گولڈن گلوب ایوارڈز میں بھی اداکاروں نے سیاہ لباس زیب تن کیے تھے۔

سیاہ رنگ فیشن کا کوئی نیا ٹرینڈ نہیں ہے بلکہ ہالی وڈ سمیت دنیا بھرمیں مقبول تحاریک ‘ٹائمز اپ’ اور ‘می ٹو’ مہم کی حمایت میں پہنا جا رہا ہے۔

بافتا 2018 میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکارہ فرانسس میکڈورمینڈ نے بھی سیاہ لباس نہیں پہنا تھا۔ لیکن اُن کا کہنا تھا کہ وہ اس تحریک میں اپنی بہنوں کے ساتھ ہیں۔

تقریب میں شریک مردوں نے بھی ٹائمزاپ تحریک کی مناسبت سے سیاہ سوٹ پہنا۔


روتھ ولسن کے لباس پر ٹائمز اپ واضح طور پر لکھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

میوزیکل اور کامیڈی فلم ’لیڈی برڈ‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا گولڈن گلوب ایوارڈ 2018 جیتنے والی سائریسی رونان بھی کالے لباس میں نظر آئیں۔

تاہم برطانوی شہزادے ولیم کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج شہزادی کیتھرین میڈلٹن نے گہرے سبزرنگ کا لباس زیب تن کیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے دی ٹیلی گراف کی فیشن ڈائریکٹر بیتھن ہالٹ کے مطابق شاہی خاندان بہت کم کسی سیاسی تحریک کا حصہ بنتی ہے۔ اس لیے تقریب میں شریک دیگر خواتین کی طرح شہزادی کا سیاہ لباس نہ پہننا حیرت کی بات نہیں ہونی چاہیے۔