تحریک انصاف کا ن لیگی سینیٹر کی کامیابی کو چیلنج کرنے کا اعلان


اسلام آباد: تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ نومنتخب سینیٹر کا انتخاب چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور نومنتخب سینیٹر اعظم سواتی مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ نومنتخب سینیٹر دلاور خان کے خلاف الیکشن ٹریبونل سے رابطہ کریں گے۔

اعظم سواتی نے دلاور خان پر الزام عائد کیا کہ وہ کرپشن اور لوٹ مار میں خاص مہارت کے حامل ہیں۔ دلاور خان پلی بارگین کرکے نیب کی گرفتار سے آزاد ہوئے تھے۔ ن لیگ نے دلاور خان کو ٹیکنوکریٹ کی نشست پر منتخب کروایا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے متوقع قانونی کارروائی کا سامنا کرنے والے دلاور خان 1996 میں بطور ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز ریٹائر ہوئے تھے۔

اعظم سواتی نے الزام عائد کیا کہ دلاور خان ٹینکوکریٹ کی اہلیت پر کسی طرح بھی پورا نہیں اترتے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمان کو کرپٹ اور ناہل لوگوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ دلاور خان کے خلاف اپنا مقدمہ جلد انتخابی ٹریبونل میں پیش کریں گے۔


متعلقہ خبریں