پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی

این اے 249 ضمنی الیکشن: حتمی نتیجہ روکدیا گیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہفتے کے روز جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق 11 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ووٹرز پر مشتمل ابتدائی انتخابی فہرستیں دسمبر میں شائع کی جائیں گی۔ ووٹرز اپنا اور اہل خانہ کے ووٹ کے درست اندراج کو یقینی بنائیں۔

اعلامیہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار انتخابی فہرستوں کی اشاعت دسمبر میں کر دی جائے گی۔ ابتدائی انتخابی فہرستیں ہر ضلع میں قائم کیے گئے ڈسپلے سنٹرز میں رکھی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ووٹرز کی سہولت کے پیش نظر ملک بھر میں 20 ہزار سے زائد ڈسپلے سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں. الیکشن قوانین کے مطابق ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ کے مستقل یا موجودہ پتہ پر کروایا جاسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق سرکاری ملازمین کسی دیگر پتہ پر بھی ووٹ درج کرواسکتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سخت شرائط کے باوجود غیر فعال سیاسی جماعتوں کی تعداد پھر بڑھ گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تین نئی سیاسی جماعتوں کا اندراج کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی فنڈنگ: الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے خلاف تحقیقات شروع کردیں

الیکشن کمیشن نے نظریہ پاکستان کونسل، پاکستان مسلم الائنس (دیوان) اور پاکستان نیشنل پارٹی کا اندراج کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد تینوں جماعتوں کو درج کیا۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 122 سے بڑھ کر 125 ہو گئی ہے۔

نظریہ پاکستان کونسل  کے چئیرمین احمد ذیشان، پاکستان مسلم الائنس (دیوان) کے چئیرمین بچو دیوان جبکہ پاکستان نیشنل پارٹی کے چئیرمین محمد علی درانی ہیں۔

الیکشن کمیشن میں درج 109 سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ الیکشن ایکٹ میں درج نئے قانونی لوزامات کے باعث الیکشن کمیشن نے 200 سے سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں