شہباز شریف اپنا خاندانی تخلص بتائیں یا یہ بھی میں بتاؤں، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنے نیازی ہونے پر فخر ہے شہباز شریف بھی اپنا خاندانی تخلص واضح کریں ورنہ یہ فریضہ بھی میں سرانجام دوں گی۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف نے آج ایک گھنٹہ اپنی آپ بیتی سنائی جو قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ عوام کو حقائق جاننا اور آگاہ کرنا ذمہ داری میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ڈھٹائی کے ساتھ عوام کی آنکھوں میں مرچیں ڈالی ہیں کیونکہ زیر سماعت کیس پر جیت کی خوشی کا اظہار کیسے کر سکتے ہیں ؟ شہباز شریف کو ضمانت دی گئی ہے وہ بری نہیں ہوئے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف نے مخصوص میڈیا سے اپنی تعریفیں کروائیں جس کو عدالت نے ختم کرایا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان فخر سے اپنے آپ کو نیازی کہتے ہیں اب شہباز شریف بھی اپنی شناخت کرائیں اور خاندانی تخلص واضح کریں ورنہ یہ ذمہ داری مجھے نبھانی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے آپ کو اچھا بچہ ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم وہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کل کیے گئے اقدام کو بھول گئے۔ شہباز شریف بتائیں ان کے فرزند باہر کیا کر رہے ہیں اور اسحاق ڈار کب وطن واپس آ رہے ہیں ؟

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران ایک دفعہ بھی نواز شریف کی صحت کے بارے میں نہیں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم کے ساتھ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے وعدے پر عمل شروع کر دیا ہے اور اب ایک پاکستانی خاندان سے اربوں روپے برآمد ہوئے۔  یہ پیسہ پاکستان کو لٹایا جائے گا۔ عمران خان نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے اور اب قوم کو ایسی مزید خوش خبریاں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں قومی اسمبلی اجلاس، مسئلہ کشمیر پر حزب اختلاف کی حکومت پر شدید تنقید

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف خاندان اپنے آپ کو میڈیا کے سامنے اور لندن میں نہیں بلکہ عوام اور عدالتوں کے سامنے بے گناہ ثابت کریں۔ وزیر اعظم کی کسی سے ذاتی جنگ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں