لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنے منشور پر کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ تحریک انصاف کی جانب سے منشور کے لئے پانچ نکاتی فریم ورک جاری کرتے ہوئے نئے تنظیمی ڈھانچے میں شامل ہونے والے تمام پی ٹی آئی کے نمائندوں کو منشور گھر گھر پہنچانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منشور قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کو مد نظر رکھ کر بنایا جائےگا جبکہ اس میں ذاتی مفادات کے برعکس اجتماعیت کو فروغ دینے کا ایجنڈا شامل ہو گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ منشور میں لوکل باڈیز کی سطح پر عوام الناس کو عملی طور پر گڈ گورننس کا حصہ بننے کی ترغیب دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تنظیمی عہدیداروں کو عوامی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
رواں سال ستمبر میں پنجاب کے وزیر بلدیات میاں اسلم اقبال نے کہا تھا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات جلد کروا دیے جائیں گے۔ اس حوالے سے متعلق بل پر کچھ اعتراضات آئے ہیں انہیں دور کیا جارہا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ چھ سے آٹھ ماہ میں اعتراضات دور کرکے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات سلب کیے۔ پنجاب حکومت کے 33 فیصد فنڈز لوکل گورنمنٹ کے ذریعے استعمال کئے جائیں گے۔
بلدیاتی اداروں کے فنڈز کے استعمال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ادارے غیر فعال ہیں اس لئے فنڈز استعمال کئے جارہے ہیں۔