لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف میری پارٹی کے ہیں وہ کبھی بھی پرویز مشرف کے خلاف بیان نہیں دیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف لندن سے نیا ہیٹ اور کوٹ خریدیں گے، وہی نواز شریف کو سعودیہ سے واپس لائے اور اب لندن بھی وہی لے کر گئے۔
وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ میں پرویز مشرف کو غدار نہیں سمجھتا، مشرف کے خلاف پیرا 66 جیوڈیشل مارشل لا کی نشاندہی ہے، یہ غیر آئینی، غیر فطری اور غیر مسلمانہ پیرا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کے تمام سیاستدان مارشل لا کے دور اور جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب عمران خان اقتدار میں آیا تو فوج وہ نہیں رہی تھی، خان کے اقتدار میں آنے کے وقت جی ایچ کیو کا گیٹ نمبر چار وہ نہیں رہا تھا دھماکہ کی وجہ سے بدل گیا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو ذولفقار علی بھٹو بیگم نصرت بھٹو نے بنایا، انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو کیسے فوجیوں میں شامل کیا یہ ایک الگ تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور فوج دونوں ملک کے ادارے ہیں آپس میں کبھی نہیں ٹکرائیں گے، ن لیگ کے جن لوگوں نے غیر قانونی کام کیے ان کے خلاف گھیرا تنگ ہو گا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کیسز بہت سیریس ہیں
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بدعنوان معاشرہ اور بدعنوان سیاستدان ملک کو کبھی آگے نہیں بڑھنے دے گیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام سب سے زیادہ بدبودار ہے، یہ جمہوریت ہی ہے کہ مجرم اس بار لندن میں نیا سال منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں جمہوریت بہترین انتقام ہے، جیسے خورشید شاہ کی احتساب عدالت سے ضمانت ہوئی وہ ایک سوالیہ نشان ہے تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ 2020 میں ایم ایل ون کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں، اس حوالہ سے ابھی مزید تفصیلات نہیں بتا سکتا مگر اس کے افتتاح کے لیے چین سے بہت بڑی شخصیت آ رہی ہے۔