اسلام آباد: سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے اینٹی منی لانڈرنگ کیسز میں دائرہ اختیار سے متعلق بریفنگ کے لیے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیا کو طلب کر لیا ہے۔
سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قانونی اصلاحات کی صدارت کرتے ہوئے سینیٹر فاروق نائیک نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ اینٹی منی لانڈرنگ کن کیسز میں لاگو ہوتی ہے اور اس میں نیب اور ایف آئی اے کے کیا اختیارات ہیں۔
سینیٹر پاکستان پیپلز پارٹی فاروق ایچ نائیک نے ہدایت کی کہ چیئرمین نیب اور ڈی جی ایف آئی اے آئندہ اجلاس میں کمیٹی کو اس حوالے سے آگاہ کریں۔
اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے پارلیمنٹ کے زریعے مواخذے اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں نیب کے تفتیشی اختیارات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے پارلیمنٹ کے ذریعے مواخذے کے حوالے سے وزرات قانون سے تفصیلی بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزرات قانون سے بریفنگ لینے کے بعد متعلقہ افراد سے بھی رائے لی جائے گی۔
سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قانونی اصلاحات نے لینڈ ایکوزیشن ایکٹ میں بہتری کے لیے وزرات داخلہ سے تجاویز طلب کرلیں۔