ایرانی حملوں کے بعد جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین


تہران: عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے بعد ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ان کے آبائی علاقے کرمان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

قاسم سلیمانی کو جمعے کے روز بغداد میں ایک ڈرون حملے کے ذریعے ہدف بنایا گیا تھا جس کے بعد سے ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات شدید کشیدہ ہیں۔

بدھ کی صبح ایران نے عراق میں موجود امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کے مطابق ایران سے 12 بلیسٹک میزائل داغے گئے جن سے الانبار اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پینٹاگان کی طرف سے جاری ابتدائی بیان کے مطابق ایران نے امریکی اور اتحادی افواج کو نشانہ بنایا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق فی الحال نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حملے میں 80 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایران جنرل کو منگل کے روز سپرد خاک کیا جانا تھا تاہم ان کے نماز جنازے کے دوران بھگدڑ مچنے سے 56 افراد کی ہلاکت کے بعد اس میں تاخیر ہوگئی۔

انہیں کرمان کے قبرستان میں دیگر شہداء کے ہمراہ دفن کیا گیا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد موجود تھے۔


متعلقہ خبریں