لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے۔
عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ مزدور ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت نئے پاکستان میں محنت کشوں کو ان کے حقوق دینے کے لیے پرعزم ہے۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یکم مئی: مزدوری کے تقدس اور وقار کی علامت ہے، عمران خان
سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق ادوار میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ محنت کش طبقے کو ان کا جائز مقام دیے بغیر پائیدار اقتصادی و سماجی ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔
ملکی معیشت کے لیے مزدوروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں محنت کشوں کا کلیدی کردار ہے۔
خیال رہے کہ آج دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
یہ دن منانے کا مقصد مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔