دنیا کے آٹھ ممالک میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے زائد

فائل فوٹو


دنیا بھر میں سب سے زیادہ کورونا کیسز امریکہ میں سامنے آئے۔ امریکہ سمیت دنیا کے آٹھ ممالک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد باقی تمام ممالک سے زیادہ ہے۔ جہاں 11 لاکھ امریکیوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

امریکہ میں کورنا وائرس سے مزید ایک ہزار 808 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 65 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسپین میں دو لاکھ چالیس ہزار کے قریب افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ اٹلی میں دو لاکھ پانچ ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار بنے۔ برطانیہ میں بھی ایک لاکھ اکہتر ہزار سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

برطانیہ میں کورونا سے مزید 739 افراد کی موت کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 27 ہزار 5 سو سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ  77 ہزار سے زائد ہے۔

اسپین میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 281 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 24 ہزار 824 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

فرانس کے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار کے قریب افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جرمنی کے ایک لاکھ چونسٹھ ہزار کے قریب افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ترکی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد ہے۔ روس میں بسنے والے افراد میں ایک لاکھ پندرہ ہزار کے قریب کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں امریکہ میں اموات کی تعداد ایک لاکھ سے کم رہے گی، امریکی صدر

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 34 لاکھ ایک ہزار 15 افراد متاثر ہو گئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد میں سے 10 لاکھ 81 ہزار 6 سو سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں