اوسلو: ناروے نے جون کے وسط میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔
نارویجن وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ جون کے وسط میں پبلک اور پرائیویٹ ادارے کھولے جائیں گے، اسکول، بازار اور دیگر تجارتی مراکز کھولنے کی اجازت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں پرائیویٹ پارٹی اور 20 سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد رہے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ناروے یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مارچ میں لاک ڈاؤن کیا۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی پر ناروے نے اپریل کے آخر میں پابندیوں میں نرمی کرنا شروع کی۔
دوسری جانب عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ 16 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔
پرسکون نیند سے کورونا وائرس کو شکست دینا ممکن
ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 92 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 76 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 56 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار 9 سو سے زائد ہو گئی ہے۔
ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 6 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 30 ہزار 6 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔
امریکی صدر کا وائٹ ہاؤس کی کورونا ٹاسک فورس ختم کرنے کا اعلان
مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 25 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی ہے۔