اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کے واقعات کی رپورٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد نارواسلوک ناقابل برداشت ہے۔
نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے ساتھ نہایت ذمہ داری سے پیش آئیں۔ یہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے اور خوف کا موجب بنتا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں حالات دیگرممالک سےبہت بہترہیں۔ اگرکسی میں کورونا وائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور ٹیسٹ کرائیں۔عوامی آگاہی مہم کے لیے جلد حکمت عملی مرتب کی جائے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا 618 جانیں نگل گیا، 27,474 متاثر
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹرنوشیروان برکی، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، صوبائی وزرائے صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو صوبوں میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزرائے صحت نے اجلاس کو ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔
اجلاس کو کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے بھی شرکا نے بریف کیا۔
فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کیسز کے تناسب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کو بتایا کہ ہوم قرنطینہ سے متعلق جلد باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا۔