اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے کورونا وبا سے لڑنے کے لیے مزید 250 وینٹی لیٹرز ملک کے مختلف اسپتالوں کو فراہم کردیے ہیں۔
جاری پریس ریلیر میں این سی او سی نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کو وینٹی لیٹرز دینے کا مقصد انتہائی نگہداشت یونٹس کی صلاحیت کو بہتربنانا ہے۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں فیصل آباد، ملتان ، راولپنڈی اور لاہور کو 72 وینٹی لیٹر دیے گئے۔ سندھ میں کراچی اور سکھر کے لیے 52 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پشاور اور ایبٹ آباد کے سرکاری اسپتالوں کے لیے 52 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے۔بلوچستان میں کوئٹہ شہر کو 20 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے۔
این سی او سی کے مطابق وینٹی لیٹرز،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے اسپتالوں میں بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان کو 10 اور آزاد کشمیر کو 10 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے۔
این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں پمز کو 24 اور پولی کلینک کو 10 نئے وینٹی لیٹرز دیے گئے۔ ملک بھر میں 747 اسپتالوں میں کورونا کے آئسولیشن وارڈ اور علاج کی سہولتیں میسر ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی ہے اور 93 ہزار 983 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ ایک ہزار 935 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گنٹوں کے دوران 4 ہزار 734 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 32 ہزار 581 مریض صحتیاب ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: دنیا میں65 لاکھ سے زائد افراد متاثر،387,957 جاں بحق
پاکستان کا صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 35 ہزار 308 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 34 ہزار 889، خیبرپختونخوا 12 ہزار 459، بلوچستان 5 ہزار 776، اسلام آباد 4 ہزار 323، آزادکشمیر 331 اور گلگت بلتستان میں 897 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 659 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 615، خیبر پختونخوا میں 541، اسلام آباد میں 45، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 8 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔