قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 5 کشمیری نوجوان شہید

پانچ کشمیریوں کی شہادت پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال

فائل فوٹو


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوجی اہلکاروں نے سرچ آپریشن کی آڑ میں کارروائی کرتے ہوئے 5 نوجوانوں کو فائرنگ کر کےشہید کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتےمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے 14 کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر: مئی میں 21 کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ میں نوجوان کو سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔

قابض بھارتی افواج نے ضلع پونچھ کے مندھر گاؤں سمیت اطراف کے دیگر علاقوں میں فوجی آپریشن کے دوران 10 نوجوانوں کو شہید کیا۔

قابض بھارتی افواج نے علاقے میں 28 مئی کو آپریشن شروع کیا تھا۔ اس ضمن میں بھارتی فوجی افسر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو بتایا ہے کہ فوجی آپریشن تاحال جاری ہے جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سے قبل وادی چنار میں قابض بھارتی افواج نے راجوری ڈسٹرکٹ کے علاقے نوشہرہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔

ہم نیوز کے مطابق جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ (جے کے پی ایف ایل) کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اپنے ایک بیان میں اے پی ایچ سی (اے جے کے) کے رہنما عبدالمجید میر کی رہائش گاہ پہ مارے جانے والے چھاپے کی شدید مذمت کی ہے۔

قابض فورسز نے کریم آباد پلوامہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران عبدالمجید میر کے بھائی عبدالکبیر میراوران کے دو صاحبزادوں کو بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد عبدالکبیر کو نامعلوم مقام پر لے گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں