امریکہ، چین، فرانس، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کی کراچی حملے کی مذمت


اسلام آباد: امریکہ، چین، فرانس، برطانیہ، کینیڈا، جاپان، آزربائیجان اور ترکی نے کراچی اسٹاک ایکسچینج حملے کی مذمت کردی ہے۔

پاکستان میں قائم امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے ایک بیان میں کراچی اسٹاک ایکسچینج پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حملے کا نشانہ بننے والے افراد کے لیے دعا گو ہیں۔ دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کےلیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ترجمان نے مذید بتایا کہ دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے تک لانے میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

ترجمان چینی سفارتخانے نے کراچی اسٹاک ایکسچینج حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملے میں متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔

ترجمان چینی سفارتخانے کےمطابق کراچی حملے میں زخمیوں ہونے والے افراد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ کسی بھی شکل میں ہونے والی دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

دریں اثناء پاکستان میں تعینات فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آزربائیجان اور ترکی کے سفیروں نے بھی  کراچی اسٹاک ایکسچینج حملے کی مذمت کی ہے۔

پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے بھی  پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد حملے کے متاثرین سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔

جاپانی سفیر نے کہا کہ دہشتگردی میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ دہشتگرد حملہ اس وقت ہوا جب پاکستان تیزی سے امن و استحکام کی جانب گامزن ہے۔

جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے۔

خیال رہے کہ آج صبح دہشت گردوں نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا تاہم پولیس اور سیکیورٹی گارڈز نے حملہ ناکام بنایا تھا۔ پولیس اور سیکیورٹی گارڈز سے فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ: آر آر ایف کے 6 اہلکاروں نے دہشت گردوں سے مقابلے کیا

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔

حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر  نے کہا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل شہید ہوئے۔

مسلح افراد نے اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جن میں سے دو کو مرکزی گیٹ پر ہلاک کردیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر چار افراد کار میں سوار ہو کر اسٹاک ایکسچینج کی حدود میں داخل ہوئے اور دو حملہ آوروں کو عمارت کے مرکزی گیٹ پر ہلاک کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں