اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیے گئے مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا ہے۔
بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیرمراد سعید نے کہا کہ پرچی پر بننے والے چیئرمین خوب رٹہ لگائیں، پرچی بھی بنائیں اور مناظرے کیلئے تیارہوجائیں۔ پارلیمنٹ، میڈیا یاعوامی فورم جس کا چاہیں انتخاب کریں فیصلہ آپ کاہے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان میں تو بحث کی بجائے، بلاول بھٹو نودو گیارہ ہوجاتے ہیں۔ بلاول نے پیپلزپارٹی کے خلاف رپورٹ پڑھی لیکن یاد نہیں لکھا کیاہے۔
مراد سعید نے کہا کہ بلاول اپنی تین نسلوں کے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 7 سال سے موازنہ سے بھی بھاگ گئے ہیں۔ ہمت وہ کرسکتاہےجس کےگناہوں کی کہانیوں سے جے آئی ٹیزنہ بھری ہوں۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ مناظرہ قبول کرنے کی جرات وہ کرے گا جس نے عزیربلوچ اورگینگ وارز نہ پالے ہوں۔ جرات وہ کرے گا جس کا دامن جعلی کھاتوں، اومنی گروپوں اور ٹی ٹیوں سے آلودہ نہ ہوں۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی: حکومتی وزرا کی اپوزیشن پر تنقید، فیصل واوڈا کا مناظرے کا چیلنج
مراد سعید نے کہا کہ سامنا کرنے کی جرات وہ کرے گا جس کا صوبہ گورننس میں بہترہو۔ بلاول کا ایک ایک لفظ ان کا تعاقب کرے گا، بھاگنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مناظرہ نہ بھی کریں قوم کوسچ بھولنے نہیں دیں گے۔ بلاول کے پاس قوم کی چوری کی گئی ایک ایک پائی لوٹانے کےعلاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔
خیال رہے کہ 25 جون کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر کڑی تنقید کی تھی اور ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دے دیا تھا۔
اسی روز پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما خواجہ آصف نے بھی وزیراعظم کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان ہمارے ساتھ ٹی وی پر مناظرہ کرلیں۔پارلیمنٹ میں تقریر کرنی ہے تو جواب بھی سننا ہوگا۔