سندھ میں نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

امیدوار

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا  شیڈول جاری کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ میں 9  سے 22 ستمبر تک نئی حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی۔ 23 ستمبرکو ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نئی حلقہ بندی پر اعتراضات اور ان کی شنوائی 29 ستمبر تک مکمل کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 20 اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات  سے متعلق حلقہ بندیوں کے شیڈول میں توسیع کردی تھی۔

مزید پڑھیں: سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ  میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست کی اشاعت کی تاریخ 17 ستمبر 2020 کردی گئی ہے۔

جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست پراعتراضات 18 ستمبر سے 2 اکتوبرتک جمع کرائے جاسکیں گے۔ اعتراضات پر فیصلے 17 اکتوبر 2020 تک کیےجائیں گے۔ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 25 اکتوبر 2020 کو شائع کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ صوبے کے 36 اضلاع میں آٹھ مرحلوں میں 6 جولائی سے 13 اکتوبر تک حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں راولپنڈی ڈویژن میں شامل اضلاع اٹک، چکوال اور جہلم، دوسرے مرحلے میں سرگودھا ڈویژن کے ضلع خوشاب، میانوالی، بھکر کی حلقہ بندیاں ہوں گی۔ فیصل آباد میں تیسرے اور گوجرانولہ ڈویژن میں چوتھے فیز کے دوران حلقہ بندیاں ہوں گی

الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ڈویژن کے اضلاع شیخوپورہ اور ننکاںہ صاحب میں پانچویں، قصور اور ساہیوال ڈویژن میں چھٹے، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں ساتویں اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں آٹھویں مرحلے کے دوران حلقہ بندیاں فائنل کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں