سندھ حکومت: افتخار شالوانی ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات


کراچی: سندھ حکومت نے سینئر بیوروکریٹ افتخار شالوانی کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا ہے۔

اس ضمن صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع جنوبی، شرقی، غربی، وسطی، ملیر اور کورنگی میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ہی ایڈمنسٹریٹرز کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کیلئے گہنورلغاری کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔

اس کےعلاوہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کراچی میں ارشاد سوڈہر، غربی میں سلیم اللہ اوڈھو، شرقی میں محمد علی شاہ اور ضلع کورنگی میں شہریار میمن کو تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میرپورخاص،سکھر،دادو، نواب شاہ، لاڑکانہ اور حیدر آباد میں مقامی ڈپٹی کمشنرز ایڈمنسٹریٹر ہوں گے۔

واضح رہے کہ افتخار شلوانی کمشنر کراچی کے طور پر فرائض بھی انجام دے چکے ہیں اور گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے افتخار شالوانی کا تبادلہ کر کے سہیل راجپوت کو کمشنر کراچی تعینات کیا تھا۔

یاد رہے کہ سابق میئر کراچی وسیم اختر کی مدت 30 اگست کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنا تھا اور سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اچھی شہرت کے حامل فرد کو ہی ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا جائے گا جو شہر کے مسائل سے بخوبی واقف ہو ان کے حل کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اجلاس میں کہا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بااختیار ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے کیونکہ کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا مقسم ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایڈمنسٹریٹر کا فیصلہ سندھ حکومت کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔ وفاقی حکومت کو مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کی کامیابی کےلیے بااختیار موثر نظام تشکیل دیا جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے۔


متعلقہ خبریں