پشاور: پاکستان مسلم لیگ نواز خیبرپختونخوا کے نائب صدر انتخاب خان چمکنی نے ادروں سے متعلق پارٹی قیادت کے بیانیے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
پشاور پریس کلب میں پارٹی کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتخاب چمکنی نے پارٹی قائدین کے متنازعہ بیانات کو نا پسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نظریاتی جماعت ہے۔ 22 کروڑ عوام بھوک اور مہنگائی کے دلدل میں پھنسی ہوئی ہے۔ آج اداروں کے خلاف جو بیانہ سامنے آیا ہے وہ ہمارے نظریئے کی نفی کرتا ہے۔
انتخاب خان چمکنی نے کہا کہ ملک کی خاطر ہمارے پاک فوج کے جوانوں نے قربانیاں دی ہیں۔۔ پارٹی کے غلط بیانیہ سے اختلاف کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایاز صادق کا بیان بالکل درست تھا، احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ اس وقت اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارے نظریے کا حصہ ہے۔۔ سینئر قیادت کا عسکری قیادت کے خلاف ایسے بیانات سے اختلاف کرتے ہیں۔ ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک اور قیادت مضبوط ہو گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ اپوزیشن کا بیانیہ اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا تھا کہ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی، ان لوگوں نے ہر ادارے کو کرپٹ کر دیا ہے، آج کسی ادارے میں میرٹ پر کام نہیں ہوتا ۔
انہوں نے کہا تھا کہ شاہد خاقان عباسی آبائی حلقے سے الیکشن ہار گئے تھے ، پھر لاہورسے جیت گئے ۔ شاہد خاقان جہاں سے الیکشن ہاریں تو غلط ،جہاں سے جیتیں تو ٹھیک ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ راناثنااللہ نے ماڈل ٹاؤن میں خواتین پر گولیاں چلوائیں، اس کا حساب کون دے گا؟