طارق جہانگیری اور بابر ستار کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج بنانے کی منظوری

بابر ستار اور طارق جہانگیری کی ججز نامزدگی چیلنج

اسلام آباد: ججز پارلیمانی کمیٹی نے طارق جہانگیری اور بابر ستار کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج بنانے کی منظوری دے دی۔

کمیٹی نے طارق محمود جہانگیری کو متفقہ طور پر جب کہ بابر ستار کی کثرت رائے سے منظوری دی۔ بابر ستار کے خلاف ووٹ حکومتی رکن علی محمد خان نے دیا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے  ممتاز قانون دان بابر ستار اور طارق جہانگیری کو بطور جج نامزد کرنے اور انہیں پارلیمانی کمیٹی میں بلانے کی سفارش کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی تھی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے  بابر ستار اور طارق جہانگیری کو بطور جج نامزد کرنے اور انہیں پارلیمانی کمیٹی میں بلانے کی سفارش کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی ججز کی نامزدگی کو مسترد کر سکتی ہے بلانے کا اختیار نہیں۔

اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ ابھی آپ جو بات کر رہے ہیں وہ قبل از وقت ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ جوڈیشل کمیشن کے نامزد ججز کو کمیٹی میں طلب کرنا غیر قانونی قرار دیا جائے۔ درخواست میں ججز تعیناتی سے متعلق ترمیمی رولز 2019 کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے سیکریٹری قانون و انصاف اور پارلیمانی کمیٹی کو فریق بنایا گیا تھا۔ پارلیمانی کمیٹی نے ججز کو 21 دسمبر کو طلب کمیٹی اجلاس میں طلب کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں