فاف ڈوپلیسی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


جنوبی افریقہ کے سابق کپتان و  بلے باز فاف ڈوپلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام سے جاری اپنے پیغام میں فاف ڈو پلیسی نے کہا ہے کہ میرا دل صاف ہے اور میں زندگی کا نیا باب شروع کرنے کیلئے تیار ہوں۔

خیال رہے کہ 36 سالہ  فاف ڈوپلیسی نے69 ٹیسٹ میچزمیں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی اور اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 40.02 کی اوسط سے 4163 رنز بنائے۔

فاف ڈوپلیسی نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کے دوران 10 سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

انہوں نے آخری ٹیسٹ پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا تھا جس میں انہوں نے 2 اننگزمیں صرف 22 رنزبنائے تھے ۔

دوسری جانب سابق و موجودہ کرکٹرز سمیت ان کے مداحوں نے شاندار ٹیسٹ کیرئیر پر ڈوپلیسی کو مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے جارح مزاج بلے باز فاف ڈوپلسی پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں