شہری نے دھوکے بازوں کو ہی دھوکہ دے دیا


کونسٹانس: جرمنی میں ایک شہری نے دھوکے بازوں کو ہی دھوکہ دے دیا جس پر پولیس نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی جرمنی کے علاقے کونسٹانس میں ایک ریٹائر شہری کو نوسربازوں نے فون کیا اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جس عمارت میں وہ رہائش پذیر ہے وہاں بڑی چوری ہونے کا خدشہ ہے۔

دھوکے بازوں نے شہری کو بزرگ اور بے وقوف سمجھ کر لوٹنے کی کوشش کی۔ ملزم نے شہری کو مقامی پولیس اہلکار بتاتے ہوئے کہا کہ وہ زیورات سمیت اپنے گھر کا قیمتی سامان پولیس کی حفاظتی تحویل میں دے دے تاکہ چوری کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔

فون کرنے والے کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد آپ کے گھر سادہ کپڑوں میں پولیس آئے گی تو اپنے زیورات اور قیمتی سامان بیگ میں ڈالر کر اپنے دروازے کے باہر رکھ دیں۔

شہری نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گھر کے باورچی خانے سے ایک پرانا فرائی پین لیا اور اسے پیک کر کے کپڑے کے بیگ میں ڈال کر گھر کے باہر رکھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکی کو چلتی ٹرین کے آگے دھکا دے دیا گیا

کچھ دیر بعد ملزمان آئے اور شہری کے گھر کے باہر سے مذکورہ بیگ لے گئے جس کی اطلاع شہری نے پولیس کو دی۔ جس پر پولیس شہری کی کہانی سن کر مسکرا دیے اور شہری کو داد دی۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ جن کا پولیس نے خاکہ بھی بنا لیا۔


متعلقہ خبریں