مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بلاول کی گھٹیا باتوں کا جواب نہیں دینا چاہتا، ان کو پی ڈی ایم سے نکالے جانے پر تکلیف ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ ن پر تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول کو ایسی گری ہوئی باتیں نہیں کرنی چاہیں، پارٹی چیئرمین کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسائل زرداری صاحب کا مضبوط ہے، حکومت کو ڈیل کے ذریعے نہیں ہٹانا چاہتے۔
خیال رہے کہ آج آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرپار کی باتیں کرنے والے پاؤں پکڑنے پر آ گئے۔
آرپار کی باتیں کرنے والے پاؤں پکڑنے پر آ گئے، بلاول بھٹو
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا نعرہ ہے کہ کشمیر میں رائے شماری ہو اور کشمیری خود اپنے فیصلے کریں. آپ کو طاقت سے 25 جولائی کو پیپلز پارٹی کو کامیاب کرا کر کٹھ پتلی کو بھگانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شروع دن سے حکومت کو سلیکٹڈ کہا ہے اور وزیر اعظم اتنے ہوشیار ہیں اسمبلی میں سلیکٹڈ کے الفاظ پر ڈیسک بجاتے رہے۔ وزیر اعظم عمران خان عثمان بزدار کو ہی چلانا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آر پار کا نعرہ لگانے والے پاؤں پکڑنے کی سیاست پر آ گئے اور کہتے ہیں ہمیں وزیر اعظم بنائیں پاؤں پکڑنے کو تیار ہیں لیکن ہم کسی کے پاؤں نہیں پڑیں گے بلکہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں شکست پر ہم سے لڑائی کی گئی کہ ہم نے جیتنا تھا آپ کیوں جیت گئے۔ بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے پورے اراکین آئے اور ہمارے دوست غائب ہو گئے لیکن ہم توقع رکھتے ہیں مولانا فضل الرحمان اپنے 4 اراکین کو پکڑیں گے جو بجٹ پر غائب تھے۔