انگلینڈ سے شکست پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے، پریشان نہیں ہونا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ سے شکست پر کوئی دھچکہ نہیں لگا ہے۔ اچھے برے دن آتے رہتے ہیں۔ اس سے پہلے سیریز میں ہم اچھا کھیلتے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر پورا اعتماد ہے۔ میں اپنی ٹیم کے لڑکوں کے ساتھ بیٹھوں گا اور انہیں کہوں گا کہ گھبرانا نہیں اور بالکل پریشان نہیں ہونا۔ غلطیوں سے جتنا جلدی سیکھیں گے اتنا ہی اچھا ہو گا۔
خیال رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کارڈف کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جیت کے لیے انگلینڈ کو 142 رنز کا ہدف دیا تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ مالان 68 اور زیک کراولی 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ انگلینڈ کو تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
قبل ازیں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
شائقین کو مایوس نہیں کریں گے، بابراعظم
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ اننگز کی پہلی گیند پر گر گئی جب امام الحق ثاقب محمود کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کریز پر آئے اور ان کا سفر بھی محض دو گیندوں تک محدود رہا اور ثاقب کی گیند پر سلپ میں کیچ تھما بیٹھے۔
لڑکھتی بیٹنگ لائن کو سنبھالا دینے محمد رضوان کریز پر آئے اور 13 رنز بنا کر وہ گریگری کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اوپر نیچے وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور اننگز کے 35 ویں اوور میں 141 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود نے چار جب کہ میٹ پارکسن اور اورٹن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔