72 سال بعد ورمونٹ لائف میگزین کی اشاعت روک دی گئی


ورمونٹ: 72 سال تک ریاست کے رہائشیوں اور سیاحوں کو ورمونٹ کی خوبیوں سے آگاہ کرنے والے میگزین ’ورمونٹ لائف‘ نے اپنے پرنٹ ایڈیشن کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

’ورمونٹ لائف‘ میگزین کا آخری شمارہ اس ہفتے طباعت کے لیے گیا، اس کے بعد میگزین کی مزید اشاعت نہیں ہو گی۔ ورمونٹ ریاست میگزین کے اشاعتی اور طباعتی حقوق اپنے پاس رکھے گی۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ میگزین کو ڈیجیٹل پر منتقل کیا جائے گا۔ تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیاہے۔

ایجنسی برائے کامرس اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری مائیکل شرلنگ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بہت ساری تبدیلیاں وقوع پذیر ہوئی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ مذکورہ تبدیلیاں اسی تیزرفتاری سے جاری رہیں گی. ان تبدیلیوں کا سب سے زیادہ اثر پرنٹ میڈیا پر ہوا ہے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرلنگ نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں ورمونٹ میگزین کا خسارہ 35 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔ اور حالیہ سالوں میں میگزین کے خریداروں اور اشتہارات کی مد میں ہونے والی آمدن میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔

گزشتہ سال میگزین کو فروخت کرنے کے لیے نیلامی کا اعلان کیا گیا لیکن جنوری میں تمام بولی دہندگان کی بولیوں کو مسترد کر دیا گیا۔

جمعرات کی صبح ہی میگزین کے ملازمین کو پتہ چلا کہ میگزین کو بند کیا جا رہا ہے اور ان کی ملازمت بھی ختم ہو رہی ہے۔ ورمونٹ میگزین نے اپنی اشاعت کا آغاز 1946 میں کیا تھا۔

میگزین کے خریداروں میں سے ایک شرلنگ کا کہنا ہے کہ ان کے آباؤاجداد اس کے خریدار تھے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج میری دادی مجھ پر غصہ کرنے کے لیے موجود نہیں لیکن وہ یقیناً خوش بھی نہیں ہوں گی۔


متعلقہ خبریں