تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں، فواد چودھری


جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے مادر وطن کے لیے جانوں کی قربانیاں دیں۔ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہو گی اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور ہم نے معیشت کو بہتر کیا جبکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا برا حال کیا اور اسحاق ڈار اینڈ کمپنی نے بھی ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ ہماری صنعتیں آج بحال ہیں اور اب ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کو سینیٹ میں شکست ہوئی اور اب کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بلاول بھٹو اور مریم نواز کا قد ایسا نہیں کہ وہ خود کو قومی رہنما کہہ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں وہ حکومت مسلط ہے جو کچھ بھی نہیں کرتی، اسد عمر

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کسی پراسس کے تحت مریم نواز اور بلاول آتے ہیں تو مناسب ہے لیکن تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں اور یہ ملک مریم نواز اور بلاول بھٹو کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دیوالیہ معیشت ملی تھی۔ نواز شریف کے ساتھ ملاقاتیں کس دفتر میں اور کن فلیٹس میں ہوتی ہیں ؟ برطانوی حکومت نواز شریف کی ویزہ سے متعلق 2 اپیل مسترد کر چکی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن بونوں پر مشتمل ہے اور ان کی پہلے ہی عزت کم ہے اب مزید کم نہ ہو جائے۔ شہباز شریف اور مریم نواز میں لڑائی جاری ہے جبکہ پیپلز پارٹی میں بھی استحکام نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی رائے کا احترام کرتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی پارلیمان کے اندر اور باہر کوئی قدر نہیں ہے۔ بلاول بھٹو اور مریم نواز کو چاہیے کہ وہ نچلی سطح سے اوپر آنے کی کوشش کریں لیکن آپ کا انحصار فضل الرحمان کے مدرسوں کے بچوں پر ہے۔


متعلقہ خبریں