حزب اختلاف عدم اعتماد کی باتیں اپنا دل بہلانے کیلئے کررہی ہے،شیخ رشید


لاہور: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حزب اختلاف عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے حزب اختلاف کی انتشار کی سیاست کی مذمت کرتے ہوئے حزب اختلاف کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ  رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہے ہیں، حزب اختلاف کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے سندھ کرپشن، ناقص حکمرانی کیخلاف کھڑا گا، وزیر خارجہ

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ سیاست میں منفی رویے ملک کے لیے نقصان دہ ہیں اور حزب اختلاف صرف اقتدار کی خاطر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتوں میں شکست خوردہ حزب اختلاف کی طرح کوئی جان نہیں اور جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں، ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ حزب اختلاف کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز راولپنڈی کے لیے 10 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا کا لیٹر دیا۔ شیخ رشید نے فنڈز کے اجرا پر وزیر اعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں