خیبر پختونخوا میں آزادی کی تحریک کی تیاری کر رہا ہوں، عمران خان


شانگلہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آزادی کی تحریک کی تیاری کر رہا ہوں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے شانگلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ آئے ہیں آٹا، پیٹرول،  ڈیزل مہنگا ہو گیا ہے کیونکہ امریکہ سستا پیٹرول دینے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 75 سال پہلے ایک نعرے کے اوپر بنا تھا اور ہمارے دین کا راز کلمے میں ہے۔ ہمارے دین میں شرک کی گنجائش نہیں اور میں پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے نکلا ہوں کیونکہ آزادی قوم کے مفاد میں فیصلے کرنے کا نام ہے۔

مہنگائی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بھارت نے کچھ روز پہلے پیٹرول کی قیمت 25 روپے فی لیٹر کم کی۔ غلام ذہن ملک اور عوام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ہماری حکومت بھی روس سے 30 فیصد کم قیمت پر تیل خریدنا چاہتی تھی لیکن سازش سے ہماری حکومت ختم کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان بتائیں تین ٹکڑوں والا ایجنڈا گولڈ اسمتھ کا ہے یا اسرائیل کا؟مریم نواز

عمران خان نے کہا کہ پاکستان امریکی اجازت کے بغیر روس سے سستا تیل نہیں خرید سکتا اور جب سے حکومت آئی ہے ہر شے مہنگی ہوئی ہے۔ شہباز شریف کبھی کشمیر پر بات نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے۔ خیبر پختونخوا میں آزادی کی تحریک کی تیاری کر رہا ہوں اور ہم نے بھرپور تحریک چلانی ہے۔ جب تک صاف اور شفاف انتخابات نہیں کرائیں گے ہم ان کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ہم امپورٹڈ حکومت کو مانتے ہیں اور نہ ہی ہماری قوم مانتی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے لوگ ڈرون حملوں میں مر رہے تھے اور ہم ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے لیکن غلاموں نے مذمت تک نہیں کی۔ امریکہ کی خوشنودی سے آنے والوں کو کبھی نہیں مانیں گے۔ پچھلے دو سال میں ہمارے ملک کی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی غلام حکومت بھارتی ایجنڈا لاگو کر رہی ہے اور ہم خوف کے بت توڑ کر صرف اپنے نظریے پر چلتے ہیں۔ شفاف انتخابات کےاعلان تک ہماری آزادی کی تحریک چلے گی۔


متعلقہ خبریں