کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالفطر سے قبل نئے کرنسی نوٹوں کا حصول آسان بنادیا ہے۔ مرکزی بینک دولت آف پاکستان نے اس ضمن میں صارفین کے لیے طریقہ کار طے کردیا ہے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کےحصول کے خواہش مندوں کو اپنے بینک کا برانچ کوڈ اور قومی شناختی کارڈ نمبر بذریعہ ایس ایم ایس 8877 پر بھیجنا ہوگا۔ ایس ایم ایس کرنے والے صارفین کوکرنسی نوٹوں کی مطلوبہ تعداد اور بینک برانچ کی معلومات بذریعہ میسج فراہم کی جائیں گی۔
اعلامیہ کے تحت نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لیے ایک موبائل نمبراورایک شناختی کارڈ نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکے گا۔ سرکاری حکام نے یہ پابندی بھی عائد کی ہے کہ ایک صارف صرف ایک بار ہی کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا مجاز ہوگا۔
صارفین زیادہ سے زیادہ 10 روپے کے نوٹ کے تین پیکٹس، 50 روپے اور 100 روپے کے نوٹوں کا ایک ایک پیکٹ حاصل کرنے کے مجاز قرار دیے گئے ہیں۔ صارفین کی سہولت کے لیے بتایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی کمرشل بینک سے پرانے نوٹ دے کر بھی نئے کرنسی نوٹ لے سکیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق نئے کرنسی نوٹ یکم جون سے 14 جون کے درمیان جاری کیے جائیں گے۔ شکایت کی صورت میں اسٹیٹ بینک کی ہیلپ لائن نمبرپر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔