لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کو آئندہ انتخابات کے لئے جنوبی پنجاب سے قومی اسمبلی کے لئے امیدواروں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اراکین صوبائی اسمبلی کو ہی قومی اسمبلی کی ٹکٹیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے پارٹی چھوڑ جانے کے بعد مسلم لیگ ن کو آئندہ انتخابات کے لئے نئے امیدواروں کی تلاش ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے ڈویژنل بورڈ کو جنوبی پنجاب کے لئے امیدوار تلاش کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں یہاں سے صوبائی اراکین اسمبلی کو ہی قومی اسمبلی کی نشستوں پر موقع دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈویژنل بورڈ نے اس سلسلے میں اراکین صوبائی اسمبلی میاں محمد اسلم، محمد محبوب احمد اور چوہدری زاہد اکرم کو قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبائی نشستوں کے لئے بھی امیدوار تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی اور صوبائی اراکین اسمبلی نے بزرگ سیاستدان میر بلخ شیر مزاری کی قیادت میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ تشکیل دیا تھا جو بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہو گیا۔ مسلم لیگ ن کے لئے جنوبی پنجاب میں پیدا ہونے والی اس خلا کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے اور اسی حوالے سے وہ نئے امیدواروں کی تلاش میں ہیں۔