صدر مملکت نے 25 جولائی کو عام انتخابات کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے 25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کر کے 25 جولائی کو انتخابات کی تاریخ کی منظوری دے دی ہے۔ ملک بھرمیں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کےانتخابات ایک ہی دن ہوں گے۔

اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو انتخابات کے لئے سمری بھیجی ہے جس میں 25 سے 27 جولائی کے دوران کسی ایک دن انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی گئی تھی تاہم مبینہ طور پر وزیراعظم ہاؤس نے الیکشن کمیشن کی سمری روک لی تھی کیونکہ حکومت قائم مقام صدر مملکت سے اس کی منظوری نہیں چاہتی تھی اور اسے  صدر مملکت ممنون حسین کی واپسی کا انتظار تھا  جو عمرہ کی ادائیگی کے سلسلے میں ملک سے باہر تھے۔  ان کی واپسی کے بعد سمری  بھجوائی گئی ہے جس پر صدر مملکت نے اپنے دستخط کر دیے ہیں۔

موجودہ حکومت کی آئینی مدت 31 مئی 2018 کو ختم ہوجائے گی اور ابھی تک حکومت اور اپوزیشن نگراں وزیراعظم کی تعیناتی پر متفق نہیں ہو پائے ہیں۔ اگراتفاق رائے نہ ہو پایا تو نگراں  وزیراعظم کی تعیناتی کا اختیار پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے نمائندے موجود ہوں گے۔ اگر کمیٹی میں بھی فیصلہ نہ ہو پایا تو نگراں وزیراعظم کا اختیار الیکشن کمیشن کو مل جائے گا جو تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک شخص کا انتخاب بطور نگراں وزیراعظم کر دیں گے۔

 


متعلقہ خبریں