وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چھ سیٹیں جیت کر آپ کو اسلام آباد پر یلغار کا لائسنس نہیں مل جاتا، عمران خان نے 8 سیٹوں پر الیکشن لڑ کر پی ٹی آئی کی 8 سیٹیں کم کر دی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا نتیجہ الیکشن کمیشن اور اداروں کی جانبداری کے بیانیے کی موت ہے، عمران خان پارلیمنٹ میں اپنی 2 سیٹیں کم ہونے پر جشن منانے کا ڈھونگ کر رہے ہیں، عمران خان کے پاس پارلیمان میں 172 کا میجک نمبر موجود نہیں، پی ٹی آئی کی 8 میں سے 2 مزید سیٹیں ہار کر عمران خان پارلیمنٹ اور حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔
یہ بھی پڑھیں: ممنوعہ فنڈنگ کیس:عمران خان کی عبوری ضمانت منظور
سڑکوں پر یلغاراور وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرکے حکومت نہیں گرائی جاسکتی، حکومت بدلنے کے لیے 172 ارکان کی اکثریت ثابت کرنا ہوگی، 6سیٹیں جیت کر آپ کو اسلام آباد پر یلغار کا لائسنس نہیں مل جاتا، عمران خان نے 8 سیٹوں پر الیکشن لڑ کر پی ٹی آئی کی 8 کم کر دیں ، حکومت کی تبدیلی کا طریقہ اسلام آباد پر جتھوں کے ذریعے یلغار کرنا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ون مین پارٹی بن چکی ہے جس کے پاس کوئی امیدوار نہیں ہے۔