وزیراعظم کا 90 فیصد صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی کا دعوی


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔

اسلام آباد میں توانائی منصوبوں کے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک  کے 90 فی صد صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جولائی 2013 میں 16 ہزار400 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی تھی جبکہ اب ہمارے پاس 28 ہزار 400 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، 2013 کے دوران 6.3 ارب یونٹ استعمال ہوئے تھے جبکہ 2018 میں 9.2 ارب یونٹ استعمال ہوئے، رواں سال 2013  کی نسبت 25 فی صد بجلی زائد پیدا کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں کے دوران بجلی کی طلب میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے، رواں برس تین ہزار90 میگاواٹ پن بجلی پیدا کی گئی، پانی میں کمی ہوئی تو جون میں 362 اورجولائی میں 403 میگاواٹ کا شارٹ فال ہوگا اوراگر پانی کے ذخائر بہتر ہوگئے تو جون جولائی میں شارٹ فال ختم  ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ذخائر میں کمی کے باعث پانی سے اس سال آدھی بجلی بنائی گئی، جولائی کے بعد ملک میں اضافی بجلی دستیاب ہوگی، خسارے والے فیڈرز پر چند گھنٹے لوڈشیڈنگ کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں