اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ لاڈلے خان نے ہمیں کام نہیں کرنے دیا ورنہ 100 گنا زیادہ کام ہوتا اس لئے ووٹ کو عزت دو کا مطلب گوعمران گو ہے، جھوٹے خان ہمیں بتائیں کہ انہوں نے خیبرپختونخوا میں کیا کام کیا ہے۔
اسلام آباد میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، یہ ملک آگے بڑھ رہا تھا، سی پیک آ چکا تھا اور مہنگائی ختم ہو رہی تھی کہ میرے خلاف فیصلہ سنا کرزندگی بھر کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے خلاف جو فیصلہ آیا ہے اسے واپس کرنے کے لئے 25 جولائی کو عوام نے باہر نکلنا ہے، انہوں نے ورکرز سے پوچھا کہ کیا میں نے کوئی کرپشن کی تھی جس کی وجہ سے مجھے نااہل کر دیا گیا، کیا یہ فیصلہ واپس نہیں ہونا چاہیے۔
نوازشریف نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی لیکن آج غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پھر سے شروع ہو گئی ہے، ہمارے مخالفین کے پاس ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں، ہماری حکومت آئے گی تو آپ کو روزگار ملے گا۔
ورکرز کنونشن سے مریم نواز نے بھی خطاب کیا، انہوں نےکہا کہ مخالفین انتخابات سے فرار کے راستے تلاش کر رہے ہیں لیکن انہیں اب مقابلہ کرنا پڑے گا، مخالفین عوام اور نواز شریف کے درمیان محبت کا لازوال رشتہ ختم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کنونشن کے شرکا سے اپیل کی کہ وہ 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور اگر دھاندلی کی کوشش کی گئی تو نواز شریف لاہور سے اسلام آباد کا رخ بھی کرسکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کا دن عوام کا دن ہے، اس دن کوئی دھاندلی کام نہیں کرے گی۔