اسلام آباد: الیکشن 2018 سے قبل ملکی معاملات چلانے کے لیے نگراں وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین نے نگراں وفاقی وزراء سے حلف لیا۔
چھ رکنی نگراں وفاقی کابینہ میں ڈاکٹر شمشاد اختر، محمد یوسف شیخ، روشن خورشید، عبداللہ حسین ہارون، محمد اعظم خان اور سید ظفر علی شامل ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منگل کے روز حلف اٹھانے والے نگراں وفاقی وزراء میں سے تین کا تعلق پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ سے ہے۔
ایوان صدرع میں منعقدہ سادہ مگر پروقار تقریب میں نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر المک کے علاوہ مختلف عسکری، سیاسی اور انتظامی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔
نگراں وفاقی کابینہ میں شامل بیرسٹرعلی ظفر ممتاز ماہر قانون ایس ایم ظفرکےصاحبزادےہیں۔ محمد یوسف شیخ ماہر تعلیم ہیں، روشن خورشید بروچہ کا تعلق بلوچستان سے ہے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر اسٹیٹ بینک کی گورنر اوراقوام متحدہ میں انڈر سیکریٹری جنرل رہ چکی ہیں، محمداعظم خان چیف سیکریٹری پختون خوا کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ عبدالله حسین ہارون کا تعلق سندھ کے معروف ہارون خاندان سے ہے۔