انتخابات 2018: بیان حلفی میں امیدواروں کو کیا بتانا ہوگا؟

انتخابات2018: بیان حلفی میں امیدواروں کو کیا بتانا ہوگا؟ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نےعدالت عظمیٰ کے حکم پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے حلف نامہ تیار کرلیا ہے جس میں اثاثوں، قرضوں، بیرونی شہریت، مقدمات اور ٹیکس کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔

انتخابی امیدواروں کو حلف اٹھانا ہوگا کہ الیکشن مہم کے اخراجات اسی بینک اکاؤنٹ سے کیے جائیں گے جس کا ذکر کاغذات نامزدگی میں کیا گیا ہے۔

بیان حلفی میں رکن قومی یا صوبائی اسمبلی رہنے والے امیدوار اپنی سابقہ کارکردگی بھی بتائیں گے۔

بیان حلفی کے مسودے میں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو اپنے ساتھ بیوی بچوں کے قرضوں کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔

امیدوار کو تحریری طور پر اس بات کا حلف لینا ہوگا کہ وہ کسی بینک کا نادہندہ نہیں اور اس کے ذمے یوٹیلیٹی بلز اور سرکاری اخراجات سمیت دس ہزار یا اس سے زائد کا قرضہ بھی نہیں ہے۔

الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کو بتانا ہوگا کہ اس پر چھ ماہ کے عرصے سے کسی جرم کا کیس زیر التوا نہیں اوراگر چھ ماہ سے پہلے کوئی کیس تھا تو اس کی تفصیلات بھی دینا ضروری ہیں۔

حلف نامے میں آمدن ،ذرائع آمدن اور انکم ٹیکس کی تفصیلات بتانا بھی لازم قرار پایا ہے۔ امیدوار گزشتہ تین برس کے دوران بیرون ملک دوروں کی وجہ، قیام اور اخراجات کی مکمل معلومات بھی فراہم کرے گا۔

زرعی آمدن، اراضی کا رقبہ اور زرعی آمدن پر ٹیکس کی تفصیلات بھی حلف نامے میں بتانا ضروری ہیں۔

الیکشن لڑنے کے لیے لازم ہے کہ امیدوار نے کبھی بیرون ملک شہریت کے لیے درخواست نہ دی ہو اور نہ کبھی پاکستانی شہریت کو ختم کیا ہو۔


متعلقہ خبریں