محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز مزید مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں 26 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22 سے 26 جولائی کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، گلیات اور اسلام آباد میں بارش متوقع ہے۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 26 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چند مقامات پر شدید موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ جبکہ 22 سے 24 جولائی کے دوران بلوچستان کے اکثر مقامات پر بارش متوقع ہے۔
22 سے 24 جولائی کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں اور جنوبی پنجاب میں بارش کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ کراچی اور حیدر آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔