اسلام آباد(زاہد گشکوری، ہیڈ ہم انویسٹی گیشن ٹیم) ضلع ننکانہ میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی کو سرکاری افسران کی جانب سے پچاس سے زائد طاقتور اشخاص کو غیرقانونی منتقلی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق سرکاری اہلکاروں نے اربوں روپے کی سرکاری زمین کا مبینہ طور پر رشوت لیکر غیرقانونی انتقال کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کے چندافسران نے 2400 کنال سرکاری اراضی 53 افراد کو منتقل کی گئی۔
اراضی کی سرکاری قیمت 53 کروڑ روپے جبکہ مارکیٹ ریٹ تین ارب روپے سے زائد ہے، چیف سیکریٹری پنجاب نے معاملے کا نوٹس لے لیا، محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نےمقدمہ درج کرلیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرننکانہ نے 6 سرکاری اہلکاروں کے ساتھ ملکر سرکاری اراضی کچھ لوگوں کو منتقل کی گئی، غیر قانونی منتقل ہونے والی سرکاری اراضی ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل میں واقع ہے۔
درج ایف آئی آر کے مطابق سرکاری اہلکاروں نے ملی بھگت اور مبینہ طور پر رشوت لیکرسرکاری اراضی کا ریکارڈتبدیل کیا،مذکورہ سرکاری اراضی کا تمام ریکارڈ اور فائلیں بھی گم ہوگئی ہیں۔