کراچی کے لوگ پہلی بار بغیر کسی خوف کے ووٹ دیں گے، سعید غنی


کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں پہلی بار لوگ بغیر کسی خوف کے اور اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں گے۔

پیپلزپارٹی کراچی کے صدرسعید غنی اور پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کراچی بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو لیاری میں ٹکٹوں پر تحفظات ہیں اُن سے بات کریں گے، جہاں امیدوارزیادہ ہوں وہاں ایسی مشکلات پیش آتی ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ اس بار لیاری سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو انتخاب لڑرہے ہیں، نگران حکومت انتخابات پراثرانداز نہیں ہوسکتی۔

اس موقع پرسابق سینیٹرمحمد علی بروہی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ دو سال سے پاک سرزمین پارٹی میں تھا لیکن اُن کا نظریہ بھی ایم کیو ایم کی طرح ہی ہے اس لیے اسے چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے نظریے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجهے خوشی ہے کہ میں اس پارٹی میں آزاد کارکن کی حیثیت سے شامل ہو رہا ہوں۔

وقارمہدی نے محمد علی بروہی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی سے بہت اچهے امیدوار لائے گی، یہ انتخابات خوف اور ڈر سے پاک ہوں گے، امید ہے حکومت صاف اور شفاف انتخابات کرائے گی۔


متعلقہ خبریں